سیاسی جماعتوں کو اداروں کیخلاف بول کر دشمن کوخوش نہیں کرنا چاہیے، شبلی فراز


اسلام آباد: وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو قومی اداروں کے خلاف بعل کر دشمن کو خوش نہیں کرنا چاہیے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزاد بلوچستان کا نعرہ کس بات کی جانب اشارہ ہے؟ باہر بیٹھ کر ملکی ادارے کے خلاف بولنا  کیاحب الوطنی ہے؟

یہ بھی پڑھیں: قانون کو مطلوب عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، شبلی فراز

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی نے کہا کہ ن لیگی قیادت اداروں کو تقسیم کرنے پر تلی ہوئی ہے،  پی ڈی ایم نے جلسوں میں لیگی قیادت کے بیانیے کی حمایت کی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سرگرم عمل ہے، ایک طرف دہشت گردی کے خلاف ادارے سرگرم ہیں، دوسری طرف اداروں کےخلاف کچھ لوگ سرگرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جلسوں میں کیوں ن لیگی قیادت کے بیانیے کی مخالفت نہیں کی گئی، سیاسی جماعتوں کا ن لیگی قیادت کے بیانیے سے اتفاق ہی ملک دشمن بیانیے کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نوازشریف مختلف کیسز میں قوم کے مجرم ہیں، انہوں نے باہر پیسہ بنایا اوراب وہ وہاں بیٹھ کر ادارے کو گالیاں دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی حب الوطنی  کا سوال نہیں، دشمنوں کو خوش کرنا  سوال ہے۔ نوازشریف کووطن واپس لانے  کے لیے ہمارے پاس متعدد آپشنز موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنوری میں پی ڈی ایم کی تحریک کا بوریا بستر گول ہو جائے گا، فواد چوہدری

شبلی فراز نے پروگرام کے دوران کہا کہ فرانس میں جو مسلمانوں کے خلاف ہورہا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے فرانس میں مسلمانوں کے خلاف عمل کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کشمیر کے بارے میں حکومت کے خلاف مضحکہ خیزبات کرتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر کشمیر کے معاملے کواٹھا یا، پی ڈی ایم نے کس جلسے میں  کشمیر کی بات کی، کس تقریر میں   خاکوں کی مذمت کی؟


متعلقہ خبریں