ذخیرہ اندوزی کیخلاف ایکشن: اسلام آباد میں دو فلور ملز سیل

ذخیرہ اندوزی کیخلاف ایکشن: اسلام آباد میں دو فلور ملز سیل

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ضلع انتظامیہ نے ٹائیگرفورس  کے ہمراہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوروں  کے خلاف چھاپے کے دوران 2 بڑی فلورملز کو سیل کردیا۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات نے ٹائیگر فورس کے ہمراہ انڈسٹریل ایریا کا دورہ کیا اور آٹے کی بوريوں کا وزن بھی چيک کيا اور مختلف ملز سے آٹے کے سيمپلز بھی لیے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے منافع خوری پر جرمانے بھی کیے۔ ڈی سی اسلام آباد نے ملوں میں کورونا ایس او پیز کا جائزہ لیا اور احتیاطی تدابیر نہ اپنانے والی ملز کو نوٹسز جاری کیے۔

مزید پڑھیں: ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری کی روک تھام پر توجہ دی جائے، وزیر اعظم

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی بڑی وجہ ذخیرہ اندوزی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی کو قابو کرنے سے متعلق اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کے لیے ٹائیگر فورس کو پہلا ٹاسک مل گیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے ذخیرہ اندوزی پر قابو پالیا تو صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور انتظامیہ یقینی بنائے کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے تحت ابتدائی طور پر اسلام آباد کی 9 ہزار دکانوں کی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ٹائیگر فورس کو کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ساتھ مل کر نشاندہی کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا تھا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا اسلام آباد کی تمام دکانوں پر ریٹ لسٹ اور اوور چارجنگ کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور ٹائیگر فورس ضرورت سے زائد اسٹاک یا ذخیرہ اندوزی کی فوری نشاندہی کرے گی۔ ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر ضلعی انتظامیہ فوری کارروائی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی طلبی کیلئے لندن رہائش گاہ پر بھی اشتہارات لگیں گے

اجلاس میں کہا گیا تھا کہ کارروائیوں کی رپورٹ براہ راست وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی جبکہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے یا اوور چارجنگ کی صورت میں دکانداروں کو بھاری جرمانے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں