کورونا کیسز میں اضافہ، حکومت کا پابندیاں سخت کرنے کا عندیہ



اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے باعث پابندیاں سخت کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج  شروع ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے جب کہ احتیاطی تدابیر پرعمل نہیں ہو رہا، یومیہ کورونا کیسزکی تعداد 400 سے بڑھ کر 700 سے تجاوز کر چکی ہے.

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پابندیاں سخت کرنا ناگزیر ہوتا جا رہا ہے، دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے ایس اوپیز پر سختی سےعمل کرنا ہو گا، جہاں ایس اوپیز پرعمل نہیں ہو رہا وہاں سختی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرہجوم جگہوں پر ماسک پہننا ضروری ہے، مقامی سطح پرعائد کی جانے والی پابندیوں کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہو کر ہم کورونا کی دوسری لہرسے نمٹ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں آج مزید 6 افراد دم توڑ گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار745 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے773 نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 375 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں3 لاکھ11ہزار440 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور ایکٹو کیسز کی تعداد11 ہزار 190 ہے۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 336 اور سندھ میں 2 ہزار 599 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 270، اسلام آباد میں 213، بلوچستان میں 149، ‏گلگت بلتستان میں 91 اور آزاد کشمیر میں 87 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 18 ہزار 181 ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 3 ہزار 82، سندھ میں ایک لاکھ 44 ہزار114، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار119، بلوچستان میں 15 ہزار 839، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 191 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 849 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث پانچ اسکول بند

پاکستان کے 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلیے سہولیات ہیں اور اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرزکی تعدادایک ہزار920 ہے۔

ملک میں 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور متعدد شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔


متعلقہ خبریں