کابینہ اجلاس: ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف وزرا پھٹ پڑے

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیر اعظم کی زیرصدارت ہو گا

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں مہنگائی پر اڑھائی گھنٹے طویل بحث ہوئی جب کہ کابینہ ارکان ملک میں جاری مہنگائی پر پھٹ پڑے۔

کابینہ ارکان نے مہنگائی کے خاتمے کے لیے تجاویز پیش کیں اور کہا کہ حلقے کے عوام مہنگائی کا رونا روتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیراعظم عمران خان کو بیوروکریسی کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کےاقدامات درست ہیں لیکن بیوروکریسی مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ بیوروکریٹ مہنگائی میں کمی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور ان کی وجہ سے مہنگائی میں کمی کیلئےحکومتی اقدامات اور احکامات پرعمل نہیں ہو رہا۔

وفاقی کابینہ اجلاس: چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم بیوروکریسی میں شامل ایسی کالی بھیڑوں کونکال باہر کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ گندم بحران میں ملوث بیوروکریسی کی مکمل نشاندہی ہونی چاہیے جب کہ کسی وزیرکی جانب سے کمزوری ہے تو اس کی بھی نشاندہی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی سیدھے کام کو بھی مہینوں تاخیرکا شکار کر دیتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدمات کر رہے ہیں ، اشیا کی وافر موجودگی سے مہنگائی میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ گندم اور چینی کی درآمد سے قیمتوں میں کمی آئی ہے ،مہنگائی کنٹرول ہونے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔


متعلقہ خبریں