اسلام آباد: ایئر یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سے کورونا کیسز کی تصدیق


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایئر یونیورسٹی کےمختلف ڈیپارٹمنٹس سے 6 کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر(ڈی ایچ او) نے یونیورسٹی کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس اور میڈیکل کالج کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کے آئی ٹی اور ہیومینیٹیز ڈیپارٹمنٹ، فضائیہ میڈیکل کالج سے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سیل نہ کیے جانے والے ڈیپارٹمنٹس میں ایس اوپیز پرعملدرآمد لازمی ہو گا جب کہ کورونا سے متاثرہ افراد سے رابطے میں رہنے والے افراد کوفوراً قرنطینہ میں رہنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے اسلام آباد کے 52 تعلیمی اداروں کو دو یا دو سے زائد کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کیا جا چکا ہے۔

قبل ازیں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سے کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ریکٹر یونیورسٹی کے مطابق کورونا کیسز کے پیش نظرانٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کو 29 اکتوبر تک بند رکھا جائے گا۔

ڈی ایچ او ضعیم ضیا نے بتایا کہ یونیورسٹی میں دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو سیل کیے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز قائد اعظم یونیورسٹی میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور اس کو 6 نومبر تک سیل کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 6 نومبر تک طلبا کی کلاسز آن لائن ہوں گی۔ 5 کورونا کیسز مثبت آنے پر یونیورسٹی کو سیل کیا گیا ہے۔

ہاسٹلز میں موجود طلبا کو ہاسٹلز خالی کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔ دور دراز سے آئے طلبا شعبہ جات کے سربراہ سے اجازت لے کر ہاسٹلز میں رہ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قائداعظم یونیورسٹی میں 5 کورونا کیسز کی تصدیق

یونیورسٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ہاسٹلز میں رہنے والے طلبا سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔ ضرورت پڑنے پر یونیورسٹی سٹاف کو طلب کیا جاسکتا ہے۔

ڈی ایچ او کی جانب سے تحریر کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سیل نہ کیے جانے والے ڈیپارٹمنٹس میں ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔


متعلقہ خبریں