یوم سیاہ کشمیر: برطانیہ، کینیڈا میں تقاریب کا انعقاد


اسلام آباد: برطانیہ اور کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔

کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے ’جموں کشمیر: علاقائی اور عالمی امن کے لیے مضمرات‘ کے موضوع پر منعقدہ ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بنا جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھارت کی ہٹ دھرمی اور جمہوری لبادے میں لپٹی فاشسٹ پالیسیوں اور ریاستی دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔

ویبی نار میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سمیت مقامی کمیونٹی لیڈرز، محققین،وکلا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان بشمول کیرن راڈ مین،رابرٹ فینٹانہ،ڈاکٹر فوزیہ علوی، ڈاکٹر ظفر بنگش اور پروفیسر فرحان مجاہد چک نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے ویبی نار کے شرکاء کو یوم سیاہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کی حقیقت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین انسانی خلاف ورزیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معصوم اور نہتے کشمیریوں کو روزانہ کی بنیاد پر ظلم و ستم اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ لندن میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستانی ہائی کمیشنر معظم احمد خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی تصاویر بھارتی مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔

انہوں نے تحریک آزادی میں جان قربان کرنے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لئے جد جہد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مظالم کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں رپورٹ کر چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں