پشاور: دھماکے سے متاثرہ مدرسہ ایک ہفتے کیلئے بند

پشاور: دھماکے سے متاثرہ مدرسہ ایک ہفتے کیلئے بند

فائل فوٹو


پشاور میں دیر کالونی کے مدرسے کو گزشتہ روزدھماکے کے بعد ایک ہفتے کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

مدرسہ زبیریہ میں درس کی کلاس کی ایک ہفتے کے لئے چھٹی دے دی گئی ہے۔ ہم نیوز کے مطابق رات گئے پشاور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا ہے۔

پولیس نے ہم نیوز کو بتایا کہ ایلیٹ فورس یونٹ نے بھی آپریشن میں حصہ لیا ہے۔ سی ٹی ڈی تفتیشی ٹیم نے زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پشاور شہر کے داخلی راستوں پر سخت سیکورٹی تعینات کی گئی ہے اور واقعہ کا مقدمہ تھانہ سٹی ٹی ڈی میں درج ہے۔ جاں بحق ہونے والے تین افراد کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور مدرسے میں دھماکہ، 8 افراد شہید، 125 زخمی

دھماکے میں زخمی 90 افراد اسپتالوں سے فارغ کر دیئے گئے اور 6 کا علاج ایل آر ایچ میں جاری ہے۔

پانچ زخمی برن یونٹ اورایک آرتھوپیڈک میں زیرعلاج۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

گزشتہ روز دیرکالونی کے مدرسے میں دھماکے سے طلبہ سمیت آٹھ افراد شہید اور 125  زخمی ہوگئے تھے۔

موبائل فوٹیج کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب معلم درس دے رہے تھے۔ ایس پی سٹی حسن جہانگیر کے مطابق ایک مشکوک شخص مدرسے میں صبح کے وقت بیگ چھوڑ گیا جس کے بعد دھماکہ ہوا۔

دھماکے میں پانچ کلوبارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے بال بیرنگ بھی ملے ہیں۔  مذکورہ مدرسے میں100 سے زائد بچے زیر تعلیم تھے۔ دھماکے کی آواز کافی زوردار تھی اور اس کے بعد وہاں آگ بھی لگ گئی تھی۔


متعلقہ خبریں