تمام وزارتوں کو3ماہ کی ڈیڈلائن

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں تمام وزارتوں کو ڈیڈلائن دی ہے کہ3 ماہ میں کارکردگی بہتر کریں۔

ہم نیوز کے پروگرام’صبح سے آگے‘میں بات کرتے ہوئےوزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد نے کہا کہ  کابینہ اجلاس میں مہنگائی سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کی باتیں لیک کی جاتی ہیں جو افسوسناک بات ہے۔ اجلاس پر صرف وزیراطلاعات شبلی فراز کو ہی اخیتار حاصل ہے کہ وہ بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بیوروکریسی سے متعلق جو باتیں ادھر ادھر کی گئیں وہ بےبنیاد ہیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ مفت کی تنخواہیں ختم اب کام کام اور صرف کام کی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بہت جلد قابو کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں مہنگائی پر اڑھائی گھنٹے طویل بحث ہوئی اور کابینہ ارکان ملک میں جاری مہنگائی پر پھٹ پڑے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے وزیراعظم عمران خان کو بیوروکریسی کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کےاقدامات درست ہیں لیکن بیوروکریسی مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ بیوروکریٹ مہنگائی میں کمی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور ان کی وجہ سے مہنگائی میں کمی کیلئےحکومتی اقدامات اور احکامات پرعمل نہیں ہو رہا۔

فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم بیوروکریسی میں شامل ایسی کالی بھیڑوں کونکال باہر کریں۔ گندم بحران میں ملوث بیوروکریسی کی مکمل نشاندہی ہونی چاہیے جب کہ کسی وزیرکی جانب سے کمزوری ہے تو اس کی بھی نشاندہی ہونی چاہیے۔


متعلقہ خبریں