وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کی نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ


اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کی نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

فریقین کے وکلا اور الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت میں اپنے دلائل مکمل کر لیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے راجہ بشارت کے کاغذات نامزدگی فارم کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کروا دی ہیں۔

راجا بشارت کی نااہلی کے لیے دائر کیس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیر قانون پنجاب نے کاغذات نامزدگی میں جھوٹ بولا ہے۔

انہوں نے اثاثے چھپائے اور جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا جس کی بنا پر وہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت صادق اور امین نہیں رہے۔

نااہلی کی یہ درخواست راجا بشارت کی سابقہ اہلیہ سیمل وحید نے راجا رضوان عباسی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کر رکھی ہے۔ عدالت پر سماعت 2 سال سے زیر التوا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ صوبائی وزیر قانون کو آرٹیکل 62 ون کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی کہاگیا کہ ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی رپورٹس عدالت میں جمع کروائی گئی ہیں اور راجہ بشارت کے خلاف ناقابل تردید ثبوت ریکارڈ پر آچکے ہیں۔

راجہ بشارت کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بھی درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار سیمل وحید نے الیکشن کمیشن میں مؤقف اپنایا کہ وزیر قانون پنجاب نے کاغذات نامزدگی اور بیان حلفی میں جھوٹ بولا اور معلومات چھپا کر الیکشن ایکٹ اور عدالت عظمیٰ کے احکامات کی خلاف ورزی کی۔


متعلقہ خبریں