روپے کی قیمت گرنے کی وجہ سے مہنگائی ہے، شہباز گل



اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ روپے کی قیمت گرنے کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بہت ساری چیزیں باہر سے منگوا رہے ہیں، اس بار گندم کی پیداوار بھی کم ہوئی ہے جب کہ کورونا کی وجہ سے بروقت امپورٹ نہیں کرسکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک کسی وزیر یا دیگر حکومتی لوگوں کا کرپشن اسکینڈل سامنے نہیں آیا ہے۔

شہباز گل نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن کو تین دفعہ گاڑی دی انہوں نے تینوں بار ایکسڈنٹ کیا اور جاتے ہوئے پیٹرول بھی نہیں چھوڑا۔

مہنگائی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، وزیراعظم عمران خان

انہوں نے کہا کہ لوگوں سے کہا گیا کہ ہماری لندن تو کیا پاکستان میں کوئی پراپرٹی نہیں، پارلیمنٹ میں بھی ان لوگوں نے جھوٹ بولا۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمی بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں میں مہنگائی سب سے اہم ایجنڈا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کامسئلہ جی ڈی پی نہیں، سستی چینی اور سستا آٹا ہے اور ان اشیاء کی چوری پر کوئی کیس نہیں بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی مہنگائی سے تنگ آچکا ہے، ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں