انتخابات قریب آنے پر سندھ کے نئے وارث پیدا ہوگئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ پاکستان بنانے والا صوبہ ہے۔ سیاستدانوں کو پانچ سال تک خیال نہیں آیا اب کراچی کے چکر لگارہے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے لیاقت آباد ٹینکی گراؤنڈ میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر میرے لیے نیا نہیں ہے۔ پاکستان کی قرارداد سب سے پہلے سندھ اسمبلی میں پیش ہوئی تھی۔ کراچی بلاول بھٹو کا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے ہمیشہ سندھ کا ساتھ دیا ہے۔ 2018 کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی ہی کامیاب ہوگی۔ ہم نے تمام تر سیکیورٹی خدشات کے باوجود کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل کرکے دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کراچی کو نیویارک بنانے کی باتیں کررہے ہیں اور اب سندھ کے نئے وارث پیدا ہوگئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کراچی میں امن و امان کے لیے فورسز نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ کراچی میں ایک بھی بے گناہ کا خون بہائے بغیر امن ممکن ہوا ہے۔

 


متعلقہ خبریں