کورونا کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے احتیاط لازمی ہے، اسد عمر

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاط لازمی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ 70 دن بعد کورونا مثبت ہونے کی شرح 3 فیصد بڑھ گئی ہے تاہم اب کورونا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاط لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کچھ عوامی سرگرمیوں پر پابندیاں سخت کی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے اور ملک بھر میں تین ماہ بعد کورونا کے 900 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کوروناوائرس کے سبب پاکستان میں مزید16 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد6 ہزار775 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں کورونا کے908 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد3 لاکھ31ہزار108 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں 3ماہ بعد ایک روز میں 900سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں 3 لاکھ12ہزار638کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور ایکٹو کیسز کی تعداد11 ہزار695ہے۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 347 اور سندھ میں 2 ہزار 611 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 273، اسلام آباد میں 215، بلوچستان میں 149، ‏گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 88 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں ماسک پہننا لازمی قرار

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 19 ہزار454ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ 3 ہزار587، سندھ میں ایک لاکھ 44 ہزار765، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار277، بلوچستان میں 15 ہزار 876، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 211 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 938 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں