سینیٹ اجلاس: وزیر اطلاعات شبلی فراز کو تقریر کرنے سے روک دیا گیا

الیکٹرانک ووٹنگ مشین پروٹوٹائپ پر کام جلد مکمل کرلیا جائے گا، شبلی فراز

اسلام آباد: سینٹ اجلاس کے دوران ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے وزیر اطلاعات شبلی فراز کو تقریر کرنے سے روک دیا۔

شبلی فراز اپوزیشن کے جلسوں پر بات کرنا چاہتے تھے لیکن ڈپٹی چیئرمین نے انہیں منع کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے بعد اس پر بات کر لیجئیے گا۔

وزیراطلاعات کی تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شورشرابا بھی کیا گیا۔ شبلی فراز نے کہا کہ میں اپوزیشن کا ضمیر جگانہ چاہتا ہوں۔

ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ اگر آپ کوئی اور اہم بات کرنا چاہتے ہیں تو کریں۔ شبلی فراز نے کہا کہ میں حکومت کی پالیسی اسٹیٹمنٹ دینا چاہتا ہوں، اگر ملک مخالف بیانیئے سے زیادہ اہم کوئی چیز ہے تو مجھے بتائیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ میں حکومت کا مؤقف سینیٹ میں پیش کرنا چاہتا ہوں۔ سلیم مانڈی والا نے کہا کہ آپ اجلاس کے بعد اپنا بیانیہ پیش کیجئے گا۔

شبلی فراز نے کہا کہ میں اجلاس کے دوران ہی اپنا مؤقف پیش کرنا چاہتا ہوں، بطور وزیراطلاعات مجھے کوئی اپنا بیانیہ پیش کرنے سےنہیں روک سکتا، مناسب ہوگا مجھے تقریر کرنے دی جائے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ میں سینیٹر بھی ہوں مجھے ملک مخالف بیانئے پر اپنے دشمن کو پالیسی بیان دینے کی اجازت دی جائے۔ ملک کے حق میں آواز اٹھانے سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔

ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ آپ اجلاس کے بعد آجائیں، فی الحال اگر کوئی اور کام کی بات ہے تو کریں۔

سیلم مانڈی والا نے کہا کہ اس وقت اجلاس کو ایجنڈے کے مطابق چلنے دیں، اجلاس ختم ہونے کے بعد  وزیر اپنا مؤقف پیش کر سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں