ہماری تحریک کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے، مولانا فضل الرحمان


ملتان: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری تحریک کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب دیکھ رہے ہیں کہ ملکی حالات کس جانب جارہے ہیں۔ عوام نے حکومت سے بیزاری کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کامیاب ہو گی۔ گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے جو تحریک کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم مطمئن ہیں کیونکہ ہماری تحریک کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے جبکہ ادارے ملک کے لیے ناگزیر ہیں اور ان کو اپنی حدود میں رہنا ہو گا۔ عمران خان کی حکومت ہوگی تو پارلیمنٹ حملہ کیس میں بری تو ہوں گے.

انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی جعلی ہے اور میں ان ہاؤس تبدیلی کا قائل نہیں ہوں جبکہ کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کا فارمولا عمران خان نے پیش کیا۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پشاور مدرسے میں ہونے والی دہشتگردی آرمی پبلک اسکول جیسی ہی ہے لیکن دینی مدرسے حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ہیں۔

گستاخانہ خاکوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانس میں بھی پرتشدد واقعات ہوئے ہیں جبکہ فرانس میں گستاخانہ خاکے پوری قوم کے لیے مضطرب کا باعث ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت جانے سے پہلے تمام مقدمات ختم ہو جائیں گے، کیپٹن(ر) صفدر

انہوں نے کہا کہ فرانس کے خلاف پوری امت مسلمہ احتجاج کر رہی ہے اور وقت ثابت کر رہا ہے کہ مسلمان شدت پسند نہیں بلکہ مغربی دنیا شدت پسند ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے مطالبہ کیا کہ فرانس سے حکومتی معاہدے ختم کر دیے جائیں اور فرانس کو بتا دیا جائے کہ ہم معاشی بائیکاٹ کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں