سعودی عرب: بیرون ملک سے آنے والے یکم نومبر سے عمرہ ادا کرسکیں گے

سعودی عرب نے یکم نومبر سے بیرون ملک سے آنے والوں کو عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دے دی

ریاض: سعودی عرب نے یکم نومبر سے دیگر ممالک سے آنے والے مسلمانوں کو عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دے دی۔

سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یکم نومبر سے 20 ہزار عازمین کو عمرہ کی ادائیگی کی اجازت ہوگی جبکہ 60 ہزار نمازی مسجد الحرام میں پنجگانہ نماز ادا کرسکیں گے۔

سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ساڑھے 19 ہزار زائرین کو روضہ رسولﷺ کی زیارت کا اجازت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے جو یکم نومبر سے گُنبدِ خضریٰ کی زیارت سے شرفیاب ہوسکیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب نے چار اکتوبر سے محدود پیمانے پر عمرہ کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب نے عمرہ کو سخت ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، نورالحق قادری

ہم نیوز نے عرب ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا تھا کہ عمرہ کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

اس سے قبل سعودی ایوی ایشن نے بھی نئی سفری پالیسی کا اعلان کیا تھا۔ سعودی عرب آنے والی تمام پروازوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا تھا کہ اس ضمن میں جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

سعودی عرب کا عمرہ اور زیارات بحال کرنےکا اعلان

سعودی ایوی ایشن کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت مسافروں کو سفر سے 72 گھنٹے پہلے کورونا کا منفی ٹیسٹ دکھانا لازم ہوگا۔


متعلقہ خبریں