پاکستان کے مشہور ستاروں کے بارے میں دلچسپ حقائق


اسلام آباد: پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری پر راج کرنے والے چند بڑے نام ہمیں اکثر اسکرین پر دکھائی دیتے ہیں لیکن مداح ان کے دلچسپ ماضی کے بارے میں بہت کم جانتے ہیں۔

آئیے آج ہم آپ کو چند بڑے ناموں کے بارے میں کچھ دلچسپ باتیں بتائیں۔

1۔ میکال ذوالفقار

کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کے پسندیدہ ماڈل و اداکار میکال کا اصل نام میاں محمد میکال پطرس عزیز ذوالفقار ہے۔ جی ہاں، متعدد فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے 31 سالہ میکال نے اپنی شوبز کیرئیر کا آغاز اشتہاروں میں  بطور ماڈل کیا۔

میکال ذوالفقار نے گلوکار ابرار الحق کے گانے “سانوں تیرے نال پیار ہوگیا ” میں کام کر کے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں قدم رکھا۔ جو ان کے معروف ترین البم ” بے جا سائیکل تے ” کا ایک گانا تھا۔

انہیں معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی یوفون کے اشتہارات میں بطور کامیڈین بھی جانا جاتا ہے۔

https://youtu.be/jtYbINr1ki4

ماڈلنگ میں کامیابی کے بعد میکال نے ڈراموں کی دنیا میں قدم رکھا اور کئی کرداروں میں خود کو منوایا۔

2015 میں دبئی میں ہونے والی ہم ایوارڈز کی تقریب میں انہیں ڈرامہ سیریل ” محبت صبح کا ستارہ ہے” میں شاندار کارکردگی پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

2. مرینہ خان

ٹی وی انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر و ڈائریکٹر شہزاد خلیل اپنے ڈرامے ” تنہائیاں ” میں مرینہ خان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے جس پر حسینہ میعن (تنہائیاں سمیت کئی شہرہ آفاق ڈراموں کی لکھاری اور فنکار) نے اعتراض کیا تھا۔ انہیں خدشہ تھا کہ مرینہ خان نئی ہیں اور اردو زبان پر عبور نہ ہونے کی وجہ سے اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائیں گی۔

انہیں ڈرامے کی لکھاری کے سامنے آڈیشن دینے کا کہا گیا تھا۔ مرینہ نے ڈرامہ ان کہی کے اسکرپٹ سے ایک سین کو اپنے آڈیشن کے لیے منتخب کیا تھا۔

اردو زبان بولنے میں مشکل کے باوجود اداکارہ نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور آج وہ ڈرامہ انڈسٹری کا ایک معروف و مشہور نام ہیں۔

3. محب مرزا

معروف اداکار و میزبان محب مرزا نے 1991 میں  اپنے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے  اپنی ناٹک کمپنی (تھیٹر کمپنی) ڈرامے باز بنائی تھی۔ انہوں نے دوستوں کے ساتھ مل کر ایک اسٹیج ڈرامہ بنایا جسے کافی پذیرائی ملی۔

محب نے معروف ٹی وی ڈرامے زیب النسا سے اپنے کرئیر کا آغاز کیا جس نے انہیں شہرت دی۔

2009 میں انہوں نے فلم انشااللہ میں کام کیا جس نے انہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول کیا۔ محب مرزا نے 2005 میں معروف اداکارہ آمنہ شیخ سے شادی کی۔

4. ثروت گیلانی

معروف ماڈل و اداکارہ ثروت گیلانی کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ حادثاتی طور پر شوبز میں آئیں۔

ثروت گیلانی شوٹنگ میں مصروف اپنی بہن کو لینے اس مقام پر پہنچی جہاں ڈائریکٹر نے انہیں دیکھتے ہی ڈرامے میں کاسٹ کر لیا تھا۔ انہوں نے شوبز میں کام کرنے کے خواب کبھی نہیں دیکھے تھے۔

متعدد ڈراموں میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ ثروت گیلانی نے ” جوانی پھر نہیں آنی ” سے فلمی کرئیر کا آغاز کیا۔

2014 میں ثروت گیلانی معروف اداکار فہد مرزا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔

5. بشریٰ انصاری

پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا ایک اور جانا پہچانا نام بشریٰ انصاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نو سال کی عمر میں اپنی والدہ کو پی ٹی وی میں ہونے والے آڈیشنز دینے کے لیے راضی کیا تھا اور یہیں سے ان کے کیرئیر کا آغاز ہوا تھا۔

6. صبا قمر

سید فیملی سے تعلق رکھنے والی صبا قمر کا اصل نام صباحت قمر ہے۔

انہوں نے 19 سال کی عمر میں پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے ڈرامے ” میں عورت ہوں ” سے اپنے ٹی وی کیرئیر کا آغاز کیا۔

صبا قمر کا ماننا ہے کہ ڈرامہ سیریل ” مات ” میں ثمن کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر لا کھڑا کیا۔ جس کے بعد انڈسٹری کے ہر بڑے نام نے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کی۔


متعلقہ خبریں