عید میلاد النبیﷺ: بھارتی انتظامیہ نے فاروق عبداللہ کو حضرت بلؒ کی درگاہ جانے نہیں دیا

چین کی مدد سے جموں و  کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال ہو گی, فاروق عبداللہ

سری نگر: سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ جموں و کشمیر فاروق عبداللہ کو عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر درگاہ حضرت بلؒ جانے کی اجازت نہیں ملی۔ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کو قابض بھارتی انتظامیہ نے روک دیا۔

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں انتظامیہ کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ امن پسند عوامی لیڈر اور منتخب رکن پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر وہ ہمیشہ حضرت بلؒ کی درگاہ میں نماز ادا کرتے ہیں۔

پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار کے مطابق ایسی شرمناک حرکت سے صرف جموں و کشمیر انتظامیہ اور اس کے آقاؤں کی بدنامی ہوتی ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو حضرت بلؒ کی درگاہ جانے سے روکنے کے انتظامی اور حکومتی اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔


متعلقہ خبریں