این سی او سی کا کورونا کے بڑھتے کیسز پر اظہار تشویش


اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبوں کو فوری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

این سی او سی جانب سے صوبوں کو اسپتالوں میں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبے اسپتالوں میں طبی سہولیات کاجائزہ لیں اور اسپتالوں  کی صلاحیت میں اضافے کے لیے اقدامات کریں۔

این سی او سی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے جاری شدہ ہدایات کے مطابق ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، ان حالات میں حکومت نے کورونا پر قابو پانے کے لیے شہریوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی آمد اور کورونا کیسز میں اضافے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے شہریوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے مزید 11 اموات

شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ جہاں کہیں بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھیں این سی او سی کے دیے گئے نمبر پر شکایت بھیج دیں۔

شہریوں سے کہا گیا ہے کہ جہاں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھیں تصویر کھینچیں اور لوکیشن کے ساتھ  این سی او سی کے دیے گئے نمبر پر شکایت بھیج دیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ شہری کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تصاویر 3336262  0335 پر بھیجیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے 807 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹےمیں کورونا سے مزید 11 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 806 ہو گئی تک پہنچ گئی۔


متعلقہ خبریں