اداروں میں ٹکراؤ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملکی اداروں میں ٹکراؤ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ہائبرڈ وار چل رہی ہے اور ملک میں نفسیاتی اور حقیقی طور پر ناامیدی کا تاثر دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار سے پہلے ہمیں ملک انتہائی خراب حالت میں ملا کیونکہ جب حکومت سنبھالی تو ملک کی معیشت خراب تھی اور ہم دیوالیہ کے قریب تھے، اگر ہم ڈیفالٹ ہو جاتے تو ملک کی کرنسی بہت حد تک گر جاتی۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ مل کر ملک کودیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، ملک پر قرضوں کا انبار تھا اور ہمیں اقساط دینی تھیں تاہم وزیر اعظم نے معیشت کو استحکام دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈان لیک، آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مزارقائد، گوجرانوالہ اور کوئٹہ جلسہ سب نے دیکھا جہاں اداروں میں ٹکراؤ کی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگی رہنما ایاز صادق کیخلاف لاہور میں بینرز لگ گئے

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں مزار قائد کی توہین کی گئی اور بلوچستان کے خلاف بات کی گئی۔ ن لیگی رہنما ایاز صادق نے ایسی تقریر کی جس سے پاکستان میں بحث چھڑ گئی۔ ایاز صادق اور جلسوں کی تقاریر کو ہمارے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے جس پر ایاز صادق کو کوئی ندامت نہیں ہے اور نہ ہی وہ معافی مانگنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے یہ بیانیہ بنایا جا رہا ہے تاہم ہماری حکومت سیاسی غنڈہ گردی نہیں ہونے دے گی۔پی ڈی ایم کا بیانیہ فیٹف سے لے کر سیاسی اور ملکی مفاد کے خلاف ہے جبکہ پی ڈی ایم کے بیانیے سے پاکستان کی فتح کو ناکام بتانے کی کوشش کی گئی۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ ن لیگ نےعوام کے پیسے لوٹ کر جائیدادیں بنائیں اور اب باہر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، حزب اختلاف نے ملک کی خدمت نہیں بلکہ منافقت کی سیاست کی۔


متعلقہ خبریں