درآمدی چینی اور  گندم  لے کر جہاز کراچی پہنچ گئے

درآمدی چینی اور  گندم  لے کر جہاز کراچی پہنچ گئے

فوٹو/فائل


کراچی: ملک میں چینی اور گندم کی قلت پر قابو پانے کے لیے درآمدی گندم اور چینی لے کر پانچ جہاز کراچی پہنچ گئے۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کا دوسرا جہاز 52 ہزار ٹن سے زائد درآمدی چینی اور  چار جہاز گندم  لے کر پورٹ قاسم پہنچ گئے ہیں۔

چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن  آف پاکستان ریاض میمن  کے مطابق درآمدی چینی کا دوسرا جہاز 52 ہزار 200 ٹن چینی لے کر کراچی پہنچا ہے۔ ٹی سی پی اب تک 77 ہزار دوسو ٹن چینی درآمد  کرچکی ہے۔ پہلے جہاز سے پہنچنے والی چینی میں سے ساڑھے  تین ہزار میٹرک ٹن  چینی  اتاری جاچکی ہے۔

چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ  درآمدی چینی کی مارکیٹ میں کم قیمت پر فروخت کی جائے گی، جس سے  چینی کی قیمت کم ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ چینی کے علاوہ  ٹریڈنگ کارپوریشن کے چار جہاز بھی گندم  لے کر کراچی پہنچ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ دو ہفتے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے تین لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دے دی تھی ۔

مزید پڑھیں: علیم خان نے سندھ حکومت کو گندم، آٹے کی قلت کا ذمہ دار ٹھہرا دیا

ہم نیوز کے مطابق وزارت فوڈ سیکیورٹی نے تین لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کی درخواست دی تھی۔

وزارت فوڈ سیکیورٹی نے درخواست وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقدہ ای سی سی کے اجلاس میں دی تھی۔

اجلاس میں گندم کی درآمد سے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا تھا۔ اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ درآمد کی جانے والی گندم مساوی مقدار میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور پاسکو کو فراہم کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق ای سی سی نے روس سے حکومتی سطح پر گندم درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی تھی۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ اب تک پانچ لاکھ 70 ہزار ٹن گندم درآمد کی جا چکی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ جنوری تک 15 لاکھ میٹرک ٹن گندم کے 29 بحری جہاز آئیں گے۔


متعلقہ خبریں