’ کرپٹ ٹولہ کمروں سے باہر نکل کر دیکھے، پوری قوم انقلابی بن چکی ہے‘

قومی اسمبلی: سینیٹائزر کی بوتل ماری گئی اور گالیاں دی گئیں، مریم اورنگزیب

لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولہ کمروں سے باہر نکل کر دیکھے، پوری قوم انقلابی بن چکی ہے۔

وزیراطلاعات شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹے ترجمان اپنی چیخ و پکار بند کر کےعوام کی دہائیوں اور فریادوں کو سنیں۔

انہوں نے کہا کہ بھوک، بے روزگاری، مہنگائی، آٹا، چینی، ووٹ چوری کے خلاف پورا پاکستان انقلابی بن چکا ہے، 30 روپے کی روٹی، 75 روپے آٹے، 110 روپے چینی نے قوم کو انقلابی بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 900 فیصد دوائی کی قیمت میں اضافے نے مریضوں کو بھی انقلابی بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شبلی فراز نے انقلاب دیکھنا ہے تو سبزی، دوائی اور کریانے کی دکان پر جا کر دیکھیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے آج  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی اداروں میں ٹکراؤ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت ہائبرڈ وار چل رہی ہے اور ملک میں نفسیاتی اور حقیقی طور پر ناامیدی کا تاثر دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار سے پہلے ہمیں ملک انتہائی خراب حالت میں ملا کیونکہ جب حکومت سنبھالی تو ملک کی معیشت خراب تھی اور ہم دیوالیہ کے قریب تھے، اگر ہم ڈیفالٹ ہو جاتے تو ملک کی کرنسی بہت حد تک گر جاتی۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ مل کر ملک کودیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، ملک پر قرضوں کا انبار تھا اور ہمیں اقساط دینی تھیں تاہم وزیر اعظم نے معیشت کو استحکام دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈان لیک، آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مزارقائد، گوجرانوالہ اور کوئٹہ جلسہ سب نے دیکھا جہاں اداروں میں ٹکراؤ کی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگی رہنما ایاز صادق کیخلاف لاہور میں بینرز لگ گئے

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں مزار قائد کی توہین کی گئی اور بلوچستان کے خلاف بات کی گئی۔ ن لیگی رہنما ایاز صادق نے ایسی تقریر کی جس سے پاکستان میں بحث چھڑ گئی۔ ایاز صادق اور جلسوں کی تقاریر کو ہمارے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے جس پر ایاز صادق کو کوئی ندامت نہیں ہے اور نہ ہی وہ معافی مانگنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے یہ بیانیہ بنایا جا رہا ہے تاہم ہماری حکومت سیاسی غنڈہ گردی نہیں ہونے دے گی۔پی ڈی ایم کا بیانیہ فیٹف سے لے کر سیاسی اور ملکی مفاد کے خلاف ہے جبکہ پی ڈی ایم کے بیانیے سے پاکستان کی فتح کو ناکام بتانے کی کوشش کی گئی۔


متعلقہ خبریں