لاہور میں اسموگ: واسا کے ملازمین، افسران سائیکلوں پر دفتر پہنچ گئے


لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور اسموگ کے باعث واٹراینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کے  ملازمین اور افسران ہفتے کے روز سائیکلوں پر دفتر پہنچے۔

ہفتے کے روز منیجنگ ڈائریکٹر واسا زاہد عزیز کی قیادت میں دیگر افسران اور ملازمین  سائیکلوں پر دفتر پہنچے۔ واسا نے اس ضمن میں اپنے افسران اور ملازمین کو پابند کیا ہے کہ وہ ہفتے کے دن سائیکلوں پہ دفتر آیا کریں۔

اس موقع پر ایم ڈی واسا کا کہنا تھا واسا نے انسداد اسموگ اقدامات میں پہل کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہر میں انسداد اسموگ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں اسموگ کی آگاہی کے لئے واسا کی جانب سے سائیکل ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: فضائی آلودگی سے متعلق آگاہی، اسلام آباد میں سائیکل ریلی

ہم نیوز نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ 31 اکتوبر 2020 سے ہر ہفتے کے دن تمام واسا افسران دفاتر آنے کے لیے سائیکلوں کا استعمال کریں گے۔

اس سے قبل واسا افسران نے ملنے والے احکاما ت کو مدنظر رکھتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سائیکل چلانے کی پریکٹس بھی کی تھی۔

سماجی حلقوں کے مطابق واسا ملک اور صوبہ پنجاب کا پہلا ادارہ ہے جس نے عملاً بڑھتے ہوئے اسموگ پر قابو پانے کے لیے عملی قدم اٹھایا ہے۔

واسا کی جانب سے اٹھایا جانے والا عملی قدم یقیناً سماجی اور معاشرے پہ مثبت اثرات مرتب کرے گا اور سائیکلوں کو ملنے والا فروغ لوگوں کی صحت پر بھی خوشگوار اثرات ڈالے گا۔


متعلقہ خبریں