جس نے فوج کے خلاف بولنا ہے وہ بھارت چلا جائے، اعجاز شاہ



اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ جس نے ہماری فوج کے خلاف بولنا ہے وہ بھارت چلا جائے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کے خلاف آرٹیکل 6  کے تحت کارروائی کے لیے درخواستیں دی گئیں ہیں جن کو قانونی مشاورت کے لیے بھیج دیا ہے۔

میرے بیان کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی، ایاز صادق

خیال رہے کہ آج  میڈیا سے گفتگو کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ میرے بیان کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی کو غدار کہے، بھارتی میڈیا کی اسٹریٹجی اپناتے ہوئے حکومتی نمائندوں نے میرے بیان کا غلط مطلب نکالا۔

یہ بھی پڑھیں: ایاز صادق نے جو بات کی وہ ان کا ذاتی مشاہدہ تھا، شاہد خاقان عباسی

ایاز صادق نے کہا کہ افواج پاکستان کو سیاسی لڑائی سے باہر رکھا جائے۔

مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے میرے بیان کو غلط رنگ دے کر پاکستان کی خدمت نہیں کی۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کسی کو حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ دینے کا حق نہیں دے سکتے، تنقید سے کوئی بالاتر نہیں۔

پی ڈی ایم کے صدر کا کہنا تھا کہ آج تک ایسی حکومت نہیں دیکھی جو آ بیل مجھے مار کی پالیسی پر گامزن ہو۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک معاشی لحاظ سے دیوالیہ ہو چکا ہے، ناجائز حکومت ہم پر مسلط نہ کی جائے، ملک میں بحران پیدا کیے جا رہے ہیں۔ حکومت اپوزیشن کو اشتعال دلاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اصولوں پر کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، ایاز صادق نے انتہائی ذمہ دارانہ اور سنجیدہ بات کی ہے، پی ڈی ایم قائم ہے، توڑنے کی سازش کراچی میں  ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگی رہنما ایاز صادق کیخلاف لاہور میں بینرز لگ گئے

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم شیڈول  کےمطابق اپنے جلسے جاری رکھے گی۔

پی ڈیم ایم کے صدر نے کہا کہ ہمیں احتیاط کا دامن تھامے رکھنا چاہیے، سیاست دان کا فرض ہوتا ہے عام آدمی کا ترجمان بنے، پی ڈی ایم کی قیادت عوام کی بات کرتی ہے، استعفوں کا راستہ پی ڈی ایم کےلائحہ میں شامل ہے۔


متعلقہ خبریں