نواز شریف انتشار پھیلانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں، منحرف ن لیگی رہنما


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی اشرف انصاری نے کہا ہے کہ سابق نواز شریف پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا پارلیمنٹ میں افواج پاکستان کے خلاف بیان قابل مذمت ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  اشرف انصاری کے بھائی یونس انصاری نے کہا کہ شرمندگی ہو رہی ہے کہ قومی اسمبلی میں کیا ہو رہا ہے۔ایاز صادق ملک دشمنوں کی بولی بول رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ ہماری فوج سینہ تان کر سرحدوں پر کھڑی ہے، ان کی قربانیاں ہم پر قرض ہیں، عوام اپنی افواج اور ملک سے محبت کرتے ہیں ۔

اٹک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر دہشت گردی کو شکست دی ہے۔ افواج پاکستان، پولیس اور باقی محکموں کی قربانیوں کی بدولت ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔ ہمارے شہدا کا خون ہم پر قرض ہے جسے ہم نے چکانا ہے۔

ن لیگی  رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو اس طرح  کی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔

یاد رہے کہ اس س قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا کہ میرے بیان کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی کو غدار کہے، بھارتی میڈیا کی اسٹریٹجی اپناتے ہوئے حکومتی نمائندوں نے میرے بیان کا غلط مطلب نکالا۔

یہ بھی پڑھیں: ایاز صادق نے جو بات کی وہ ان کا ذاتی مشاہدہ تھا، شاہد خاقان عباسی

ایاز صادق نے کہا کہ افواج پاکستان کو سیاسی لڑائی سے باہر رکھا جائے۔ حکومت نے میرے بیان کو غلط رنگ دے کر پاکستان کی خدمت نہیں کی۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں۔


متعلقہ خبریں