علی زیدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا


کراچی: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں علی زیدی نے بتایا ہے کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کی وجہ سے میں نے خود کو الگ کر لیا ہے اور قرنطینہ میں چلا گیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر ان تمام لوگوں کو بے نقاب کرتا رہوں گا جنہوں نے اس ملک کو لوٹا ہے۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر آ چکی ہے اور آئے روز اس کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں آج کوروناوائرس کے نئے 807 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹےمیں کورونا سے مزید 11 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 806 ہو گئی تک پہنچ گئی۔

پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 14 ہزار 66 مریض صحتیاب ہو گئے ہیں اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 12 ہزار 121 رہ گئی ہے۔


متعلقہ خبریں