مکہ مکرمہ: آج سے دنیا بھر کے عازمین عمرہ ادا کر سکیں گے


ریاض: مکہ مکرمہ میں آج سے دنیا بھر کے 20 ہزار عازمین عمرہ ادا کر سکیں گے۔

عرب نیوز کے مطابق آج سے مکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے آنے والے افراد کی تعداد کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ جس کے بعد مسجد الحرام میں 60 ہزار افراد پانچ وقت کی نماز ادا کر سکیں گے اور ساڑھے 19 ہزار زائرین کو روضہ رسولﷺ کی زیارت کی اجازت ہو گی۔

العربیہ نیوز کے مطابق تیسرے مرحلے میں بیرون ملک سے عمرہ کے لیے آنے والوں کی عمر کی حد 18 سے 50 برس مقرر کی گئی ہے۔ ان متعمرین کو کرونا وائرس سے محفوظ ہونے کے ثبوت کے طور پر PCR ٹیسٹ پیش کرنا ہو گا۔ یہ رپورٹ عمرہ کے لیے آنے والے زائرین میں سعودی حکومت کی منظور شدہ لیبارٹریوں کی جاری کردہ ہونی چاہیے اور رپورٹ سفر سے 72 گھنٹے قبل تیار کی گئی ہو۔

بیرون ملک سے عمرہ کے لیے جانے والے متعمرین کو دن کے تین کھانوں کی سہولت فراہم کرنے والے رہائش گاہ کی بکنگ کا ثبوت بھی ہمراہ لانا ہو گا۔

تین دن آئیسولیشن میں گزارنے کے دوران عمرہ زائرین کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے گا جن پر وہ سعودی عرب آمد سے واپسی تک انتہائی ذمہ داری سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

سرکاری ترجمان کے مطابق معتمرین کے لیے 600 برقی گاڑیاں اور 5000 وہیل چیئرز مختص کی گئی ہیں۔ جن کی نگرانی 120 اہلکاروں کے ذمے ہو گی اور ان لوازمات کی مسلسل سینی ٹائزیشن جاری رہے گی۔

33 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو 24 گھنٹے مسجد الحرام، اس کے بیرونی صحنوں اور بیت الخلاء کے مقامات کی سینی ٹائزیشن پر کام کریں گی۔ اس دوران روزانہ 2500 لیٹر ماحول دوست کیمیائی مواد کا استعمال کیا جائے گا۔

اسی طرح 300 سے زیادہ خود کار آلات کا انتظام ہے جو سینسر کے ذریعے ہاتھوں کو سینی ٹائز کریں گے۔ ان میں یومیہ 1000 لیٹر مواد استعمال ہو گا۔


متعلقہ خبریں