گلگت بلتستان کوعبوری طور پرصوبےکادرجہ دینےکافیصلہ



وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کیا ہے۔ تقریب میں گورنر گلگت بلتستان اور نگران وزیراعلیٰ بھی شریک ہوئے۔

خطاب کے وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کوعبوری طور پر صوبے کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ خود کوڈیموکریٹس کہلوانے والے پاکستانی فوج اور عدلیہ پر حملہ آور ہیں۔

عمران خان نے کہا اپوزیشن رہنما آج کل مودی کی زبان بول رہے ہیں۔ آج سے کچھ عرصہ پہلے بات کی تھی کرپشن کا دفاع کےلیے یہ میرے خلاف متحد ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا میں ان کو این آر او نہیں دوں گا، یہ مجھے بلیک کرنے کی جتنی بھی کوشش کریں۔ میرے خلاف ناکام ہوئے تو انہوں نے اپنی بندوقوں کا رخ ملکی اداروں کے طرف کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن چاہتی ہے میں ان کومعاف کردوں۔ آج ہمیں میرجعفر، میرصادق اور میر ایازصادق جیسے لوگوں کا سامناہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ ڈاکو ہمارے اداروں کے سربراہان کے بارے میں بول رہے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں مجھے بلیک میل کریں اور میں انہیں این آر او دے دوں۔

انہوں نے کہا آنے والے دنوں میں قوم دیکھے گی کس کے ماتھے پر پسینہ تھا اور کس کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا بھارت میں پچھلے 73سال میں سب سے زیادہ انتہا پسند حکومت آئی ہے۔ بھارت نے 5اگست 2019میں جو کشمیر میں کیا کسی اور حکومت نے نہیں کیا۔

منظم منصوبے سے پاکستان کے خلا ف سازشیں کی جارہی ہیں۔ ملک کے لیے مضبوط فوج کا ہونا ناگزیر ہے۔  دشمنوں نے ہمیں غیرمستحکم کرنے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز نے انتشار پھیلانے کے کئی پروگرام پاش پاش کیے۔

وزیراعظم عمران خان استور نیشنل پارک اور دیامیربھاشا ڈیم کا دورہ بھی کریں گے اور جاری کام کا جائزہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نانگا پربت اور ہمالیہ نیشنل پارک کا دورہ کریں گے۔ یہ دونوں نیشنل پارکس ساڑھے 4 ہزار مربع کلومیٹر پر پھیلے ہیں۔

نانگا بربت اور ہمالیہ نیشنل پارکس بلین ٹری سونامی منصوبے کا حصہ ہیں۔ عمران خان دونوں بلند ترین نیشنل پارکس میں انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

معاون خصوصی ملک امین اسلم بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ عمران خان کو نیشنل پارکس میں درختوں اور جنگلی حیات کی حفاظت سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں