انتخابات جیت کر گلگت کی تقدیر بدل دیں گے، بلاول بھٹو


گلگت: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام کو صرف پیپلز پارٹی کے دور میں ہی حقوق ملتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے علاقے غزر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت انتخابات جیت کر یہاں کی تقدیر بدل دیں گے کیونکہ گلگت کے عوام کو سہولیات فراہم کرنا پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ سب کو گلگت بلتستان کی آزادی مبارک ہو لیکن یہ آزادی گلگت بلتستان کی عوام نے خود چھینی ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام کو صرف پیپلز پارٹی کے دور میں ہی حقوق ملتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کے عوام کو روز گار فراہم کریں گے جنہوں نے پاکستان کا ساتھ دیا اور ہم ہی شہید بھٹو کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ بھٹو نے آپ کو ظلم سے آزادی دلائی اور آپ کو آواز دی۔

وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں سی پیک پر کام کریں گے لیکن کوئی کام نہیں کیا۔ کیا انکم سپورٹ پروگرام سے بی بی کی تصویر ہٹا کر آپ کے دل سے بینظیرکو نکال دیا جائے گا ؟

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید بھٹو نے گندم، چینی اور نمک پر سبسڈی کا بندوبست کیا اور انہوں نے ہی ایف سی آر کا خاتمہ کیا تھا۔ پیپلز پارٹی نے غربت اور بے روزگاری سے نجات دلانے کے لیے اقدام کیے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو  نےعوام کو جمہوری اور سیاسی آزادی دی اور پیپلز پارٹی نے ہی گلگت بلتستان اسمبلی بنائی، وزیراعلیٰ دیا۔


متعلقہ خبریں