زمبابوے نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دے دی


راولپنڈی: زمبابوے نے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے دی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کی جانب سے دیئے گئے تین رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

اس سے قبل قومی ٹیم نے زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 278 رنز کا ہدف برابر کر دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم نے شاندار سنچری اسکور کی انہوں نے 125 گیندوں پر 125 رنز بنائے جس میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

زمبابوے کی جانب سے مزاربانی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان اور زمباوے کے درمیان تیسرے ون ڈے میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔

زمبابوے کے شان ولیمز 118 رنز بنا کر ناٹ آوَٹ رہے جبکہ پاکستانی باؤلر محمد حسنین نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔

تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے زمبابوے کا207 رنز کا ہدف4 وکٹوں کے نقصان پر35ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا تھا۔

سیریز کے پہلے میچ پاکستان نے زمبابوے کو26 رنز سے شکست دی تھی۔  زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 282 رنز ہدف کے تعاقب میں 255 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی۔

ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے جو کہ 8،7 اور10 نومبر کو شیڈول ہیں۔

 


متعلقہ خبریں