کوئٹہ میں تندور کی روٹی 20 روپے کی ہو گئی

کوئٹہ میں تندور کی روٹی 20 روپے کی ہو گئی

فوٹو: فائل


کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں تندور کی روٹی 20 روپے کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق کوئٹہ میں 250 گرام کی روٹی کی قیمت بڑھا کر 20 روپے کر دی گئی ہے جس کے بعد کوئٹہ کے اکثر تندور کھل گئے اور نان بائیوں نے 12 روز بعد اپنی ہڑتال ختم کر دی۔

اعلامیہ کے مطابق نان بائی 250 گرام کی روٹی 20 روپے میں فروخت کرنے کے پابند ہوں گے اور خلاف ورزی کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں اضافے کے لیے 2 ہفتوں سے ہڑتال کر رکھی تھی۔

کوئٹہ شہر کے بیشتر مقامات پر گزشتہ دو ہفتے سے تندور مکمل طور پر بند تھے جبکہ کچھ تندوروں پر روٹی 40 سے 50 روپے میں فروخت ہورہی تھی اور 15 روپے والی چپاتی بھی 30 روپے تک جا پہنچی تھی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع

نان بائی ایسوسی ایشن کا مطالبہ تھا کہ آٹے اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث 320 گرام کی روٹی جو 20 روپے میں فروخت ہوتی تھی اب اسے 20 روپے میں فروخت کرنا مشکل ہے لہذا اس کی قیمت 30 روپے مقرر کی جائے۔


متعلقہ خبریں