آزادی اظہار کے نام پر مذموم حرکتیں ناقابل برداشت ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آزادی اظہار کے نام پر کی جانے والی مذموم حرکتیں ناقابل برداشت ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گستاخانہ خاکوں کے ردعمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہر مسلمان کی بے حد جذباتی وابستگی ہے۔ اللہ کے نبی ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے اورہر مسلمان اس محبت کو جان و دل سے مقدم جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان جان تو قربان کر سکتا ہے لیکن پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کر سکتا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ناروے میں ناہنجار کارٹونسٹ نے آزادی اظہار کے نام پر ناپاک جسارت کی جبکہ ڈنمارک اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے مکروہ اقدامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس میں طلبا کو زبردستی آزادی اظہار کے نام پر دل آزاری کرنے والے خاکے دکھائے گئے اور یہ دل آزاری کرنے والے شر انگیز اقدامات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں وزرا انتخابی مہم چلا رہے ہیں، عبدالغفور حیدری

عثمان بزدار نے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر کی جانے والی مذموم حرکتیں قطعی طور پر ناقابل برداشت ہیں اور ہم ایسے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں نبی کریم ﷺ اور دیگر انبیاء کرام کے بارے میں گستاخانہ اور مذموم حرکتیں کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔


متعلقہ خبریں