پاکستانی شوبز انڈسٹری کی رشتہ داریاں


شوبز کی چکا چوند دنیا میں ہر کسی کی اپنی الگ پہچان ہوتی ہے لیکن کچھ ستارے ایک دوسرے کی پہچان بن جاتے ہیں۔

فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں شوبز ستاروں کی رشتے داریاں بھی اکثر انہیں خبروں کی دنیا میں رکھتی ہیں۔ ذیل میں ہم آپ کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ کچھ ایسی شخصیات سے روشناس کراتے ہیں جو آپس میں رشتہ دار ہیں۔

صبا حمید اور بچے:

1970 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی صبا حمید آج بھی اپنی اداکاری سے ناظرین کے دل موہ لیتی ہیں۔ 1980 میں صبا پرویز نے معروف صحافی سید پرویز شفیع سے شادی کی جو زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی، اس کے بعد 1990 میں اداکارہ نے وسیم عباس سے شادی کرلی۔

پہلے شوہر سے صبا پرویز کے دو بچے ہیں۔ ان کا بیٹا فارس شفیع اور بیٹی میشا شفیع دونوں شوبزمیں کام کر رہے ہیں۔ دونوں بہن بھائیوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز اداکاری سے کیا۔ تاہم میشا شفیع نے گائیکی سے شہرت حاصل کی۔

شیخ اور سبزواری خاندان:

پاکستانی فلم اور ٹی وی کی صنعت میں جاوید شیخ 1964 سے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ لالی وڈ اور بالی وڈ کی فلموں اور ڈراموں میں جاوید شیخ کا نام ایک لیجنڈ سٹار کے طور پر لکھا جاتا ہے۔

جاوید شیخ کی بیٹی مومل شیخ اور بیٹا شہزاد شیخ دس سال سے ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں۔ جاوید شیخ کے چھوٹے بھائی سلیم شیخ نے بھی اس شعبے میں اپنے جوہر دکھائے۔

جاوید شیخ کے بہنوئی بہروز سبزواری نے 1970 میں پہلی دفعہ ریڈیو پاکستان میں کام کیا۔ وہ 40 سال سے شوبز کی دنیا سے وابستہ ہیں۔

بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری اور بہو سائرہ یوسف بھی اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

عروہ اور ماورا حسین:

خوبرو ماڈل اور اداکارہ عروہ حسین نے 2005 میں شوبز میں قدم رکھا۔ ان کی بہن ماورا حسین بھی اسی شعبے میں موجود ہیں جو 2011 سے ڈرامہ انڈسڑی میں قدم جمائے ہوئے ہیں۔ ماڈلنگ کرنے کے علاوہ اداکارہ بھارتی فلم میں کام بھی کر چکی ہیں۔

ہم ٹی وی کے ڈرامے ‘اڈاری’ میں مقبول ہونے والی جوڑے عروہ حسین اور فرحان سعید نے گزشتہ برس ازدواجی سفر کا آغاز کیا۔

ماورا اور عروہ حسین کے چھوٹے بھائی انس یزادں نے ہم ٹی وی کے ڈرامہ ‘اڈاری’ سے شوبز میں قدم رکھا۔

حمیمہ ملک اور فیروز خان:

پاکستان کی خوبرو اداکارہ حمیمہ ملک 2009 سے اپنی صلاحیتوں سے خود کو منواتی آ رہی ہیں۔ پاکستان کے علاوہ ہندوستان میں بھی اداکاری کے جوہر دکھانے والی حمیمہ ملک 14 سال کی عمر سے ماڈلنگ کر رہی ہیں۔ ان کے بھائی فیروز ملک 2014 سے ڈرامہ انڈسٹری میں ہیں۔ ہم ٹی وی کے ڈرامہ ‘گل رعنا’ سے انہیں خاص شہرت ملی۔

مینال خان اور ایمن خان:

ایمن خان 2013 میں معاون اداکارہ کے طور پر سامنے آئیں۔ ان دنوں ایمن خان ہم ٹی وی کے ڈرامے ‘عشق تماشہ’ میں مرکزی کردار کر رہی ہیں۔ ان کی چھوٹی بہن مینال خان بھی 2012 سے ڈرامہ انڈسٹری میں کام کر رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں