وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا کاروبار بند نہ کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کورونا وبا کے پیش نظر کاروبار بند نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اور قومی رابطہ کمیٹی کے الگ الگ اجلاس میں کورونا کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر  کی سفارشات کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں فیس ماسک کے لازمی استعمال، مارکیٹوں، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے اوقات کار میں کمی کی توثیق بھی کر دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی مخالفت کردی۔

وزیراعظم عمران خان نے وبائی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپرواہی اور بے احتیاطی سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔ عوام کورونا کی روک تھام کیلئے ماسک کا استعمال کریں۔ احتیاط لازمی ہے مگر صنعتیں بند نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے صنعت کاروں کے لیے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یکم نومبر سے چھوٹی صنعتوں کو بجلی آدھی قیمت پر میسر ہو گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے توانائی شعبے سے متعلق اپنی ٹیم کے ہمراہ ویڈیو پیغام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو بہت مشکل سے استحکام ملا ہے۔ پاکستان میں صنعتوں کو ملنے والی بجلی مہنگی ہے اس لیے ہم نے یکم نومبر سے چھوٹی صنعتوں کو اضافی بجلی 50 فیصد کم نرخ پر دینے کا فیـصلہ کیا ہے اور صنعتوں کو اگلے 3 سال کے لیے 25 فیصد کم نرخ پر اضافی بجلی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے برآمدات بڑھانے کی کوشش کی اور ایکسپورٹس میں اضافے سے ملک میں روپے آئیں گے۔ کورونا کے بعد پاکستان کی ایکسپورٹس تیزی سے بڑھیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کے لیے پورا وقت آف پیک آور تصور ہو گا۔ تعمیراتی صنعت میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے جبکہ  گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی فروخت بھی بڑھی ہیں۔

مزید پڑھیں: الیکٹرک وہیکلز کی پیداواری صنعت میں بھارت سے آگے جائیں گے، فواد چودھری

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث سب سے زیادہ نقصان سروس انڈسٹری کو ہوا تاہم اب ایس او پیز کے تحت کاروبار چلائیں گے اور کورونا کی وجہ سے اب معیشت اور کاروبار کو بند نہیں کریں گے۔

کورونا ایس او پیز سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائیں اور لوگوں کو کورونا سے آگاہی کی مؤثر آگاہی فراہم کریں۔ دنیا نے کورونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں کورونا سے بچایا ہے اور عوام کورونا کی روک تھام کے لیے ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ ہمیں کورونا کی دوسری لہر سے بھی بچنا ہو گا ورنہ لاپرواہی اور بے احتیاطی کی وجہ سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں