پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کا بیان مسترد کردیا


اسلام آباد: پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کو مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے پاس ایسے بیانات کیلئے کوئی تاریخی، قانونی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ  نے گلگت بلتستان کے حوالے سے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ راشٹریہ سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بیانات اور جھوٹے دعوے حقائق تبدیل نہیں کرسکتے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ غیر ضروری بیانات سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں سے توجہ ہٹانا ممکن نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  گلگت بلتستان کوعبوری طور پرصوبےکادرجہ دینےکافیصلہ

خیال رہے کہ یکم نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے گلگت شہر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کو پاکستان کا عبوری صوبہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان نے گلگت بلتستان کی یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئےانہوں نے کہا تھا کہ خود کو ڈیموکریٹس کہلوانے والے پاکستانی فوج اور عدلیہ پر حملہ آور ہیں۔  اپوزیشن رہنما آج کل مودی کی زبان بول رہے ہیں۔ آج سے کچھ عرصہ پہلے بات کی تھی کرپشن کا دفاع کےلیے یہ میرے خلاف متحد ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا تھا میں ان کو این آر او نہیں دوں گا، یہ مجھے بلیک کرنے کی جتنی بھی کوشش کریں۔ میرے خلاف ناکام ہوئے تو انہوں نے اپنی بندوقوں کا رخ ملکی اداروں کے طرف کردیا۔


متعلقہ خبریں