اپوزیشن کا بیانیہ اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، شبلی فراز



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی، ان لوگوں نے ہر ادارے کو کرپٹ کر دیا ہے، آج کسی ادارے میں میرٹ پر کام نہیں ہوتا ۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی آبائی حلقے سے الیکشن ہار گئے تھے ، پھر لاہورسے جیت گئے ۔ شاہد خاقان جہاں سے الیکشن ہاریں تو غلط ،جہاں سے جیتیں تو ٹھیک ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ راناثنااللہ نے ماڈل ٹاؤن میں خواتین پر گولیاں چلوائیں، اس کا حساب کون دے گا؟

اداروں میں ٹکراؤ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، شبلی فراز

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ایازصادق کو اپنےبیان پر کوئی ندامت نہیں، ان کےخلاف پوسٹرز ہم نے نہیں لگائے۔ ایازصادق کے مفرورلیڈر کی جائیدادیں اور اولاد بیرون ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان پر ضرب کسی صورت قبول نہیں، ملک کے خلاف نفرت انگیز بیانیے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کا گند صاف کر رہے ہیں،اپوزیشن ریاست کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو گلگت بلتستان میں لوگوں کو ورغلانےکیلئے گئے ہیں، جتنے مرضی جلسے کر لیں ان کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔

گندم بحران سے متعلق انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے گندم جاری نہ کر کے عوام کو مہنگی گندم خریدنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت میں عوام کی وجہ سے ہیں، کیسے ہوسکتا ہے کہ ہمیں ان کی تکالیف کا احساس نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ معاشی سرگرمیوں کو مزید بہتر کرنے کے لیے سہولتیں دی جائیں، تعمیراتی صنعت میں تیزی سے سیمنٹ کی فروخت بڑھ گئی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں