انتخابی نتائج کا عمل اچانک رک جانا دھوکہ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ


واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کا عمل اچانک رک جانا دھوکہ ہے اور نتائج روکنے پر سپریم کورٹ جانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔

امریکی صدر اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتخابات میں جیت کے قریب ہیں اور میں ووٹ دینے پر امریکی عوام کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کامیابی کا جشن منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ فلوریڈا اور ٹیکساس میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ جارجیا اور نارتھ کیرولینا میں جیت کے قریب ہیں جبکہ ایری زونا میں کسی نے کامیابی کا اعلان کیا ہے لیکن ہم وہاں مقابلے میں ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ٹیکساس میں ہم نے 70 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں تاہم کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ مشی گن میں بھی ہم بہت آگے ہیں اور ہم ایسی ریاستوں میں بھی جیت چکے ہیں جہاں ہمیں ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں، اوہائیو سے مجھے محبت ہے اور وہاں بھی کامیابی حاصل کی ہے تاہم مختلف ریاستوں میں ابھی بھی گنتی کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات میں جیت کے متعلق ٹرمپ کا ٹویٹ’گمراہ کن‘ قرار

ری پبلکن امیدوار نے کہا کہ انتخابی نتائج کا عمل اچانک رک گیا ہے اور یہ دھوکہ ہے۔ ہم نتائج کو روکنے پر سپریم کورٹ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  میں بڑی کامیابی پر جلد بیان دوں گا جبکہ جیت کے بعد ہم امریکی عوام  کی تقدیر بدل دیں گے۔


متعلقہ خبریں