وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس میں 5 ہزار بھرتیوں کی منظوری دے دی


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پولیس میں 5 ہزار 700 بھرتیوں کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے 101 تھانوں کو اراضی کی منتقلی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت بھی کر دی جبکہ گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لیے قانون سازی کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس افسران اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں ہم پنجاب میں پولیس کا اچھا نظام لانا چاہتے ہیں اور انویسٹی گیشن کے عمل کو مرکزی انویسٹی گیشن سینٹر سے مانیٹر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن اور انویسٹی گیشن کے درمیان اشتراک کار کو بہتر بنایا جائے جبکہ نئی گاڑیاں اسکواڈ اور سیکیورٹی کی بجائے پولیس اسٹیشنز کو دی جائیں گی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ 150 نئی گاڑیاں ضروریات کے مطابق تھانوں تک پہنچ چکی ہیں اس کے علاوہ راولپنڈی، میانوالی اور ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر اضلاع میں ماڈل پولیسنگ سسٹم لایا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ پولیس کو مراعات دی جا رہی ہیں جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا کیس کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد

وزیر اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تبدیلی کے خواہاں ہیں اور عوام میں پولیس کے امیج کو بہتر بنایا جائے گا۔

آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی نے کہا کہ قلیل عرصے میں پولیس کے لیے جو کیا گیا ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں جبکہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ بننے سے پولیس کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے۔


متعلقہ خبریں