بلاول نے الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، چیف الیکشن کمشنر جی بی


گلگت: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر پیپلز پارٹی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

جاری پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تمام جماعتوں کے 95 افراد کو نوٹسز بھیجے جاچکے ہیں۔

راجہ شہباز نے کہا لہ گلگت بلتستان  قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ گلگت بلتستان میں صاف اور شفاف الیکشن ہوں گے۔ واویلا مچایا جارہا ہے، بتایاجائے کہاں دھاندلی ہو رہی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کے مطابق کورونا ایس او پیز کو دیکھ کر کوڈ آف کنڈکٹ بنایا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کا ماحول ماحول پرامن ہے، اگر کوئی مسئلہ ہے تو نشاندہی کی جائے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان کے لوگوں کو حقوق ملنے تک جدوجہد جاری رہے گی، بلاول بھٹو

خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے لیے عام انتخابات 15 نومبر بروز اتوار کو ہوں گے۔

اس سے قبل گلگت بلتستان میں عام انتخابات 18 اگست کو ہونے تھے تاہم انہیں ملتوی کر دیا گیا تھا۔ 30 مارچ کو سپریم کورٹ پاکستان نے گلگت بلتستان میں عام انتخابات کی اجازت دے دی تھی۔

سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان میں عام انتخابات اور نگراں سیٹ اپ کے قیام سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے گلگت بلتستان آرڈر 2018 میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے مختصر فیصلہ سنایا گیا تھا۔

جی بی آرڈر 2018 کو مقامی افراد کی جانب سے گلگت اپیلٹ کورٹ میں چیلنج کیا گیا تو عدالت نے آرڈر معطل کر دیا لیکن سپریم کورٹ آف پاکستان نے اگست 2018 میں آرڈر 2018 بحال کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں