ہمدرد بھول گئے لاہور میں کسان اناج پھینکتے تھے، فردوس عاشق اعوان



لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کسان اتحاد کا ہمدرد بن کر ایک سیاسی ٹولہ میڈیا اسکرین استعمال کر رہا ہے، یہ بھول گئے یہی وہ مال روڈ ہے جہاں کسان آلو کی بوریوں کو لا کر آگ لگاتے تھے۔

پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ماضی میں کسانوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز پر ظلم و ستم آج بھی ذہنوں میں تازہ ہے، قوم کوپتہ ہے کہ کسان کو کس نے بدحال کیا ہے، ماضی کی ناقص زرعی پالیسی کی وجہ سے آج کسان مشکل میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس میں 5 ہزار بھرتیوں کی منظوری دے دی

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے تحفظ کی ذمہ داری پنجاب حکومت نبھائے گی، کسانوں کا ہمدرد بن کر سیاسی ٹولہ موقع کی تلاش میں رہتا ہے، سابق حکومت کے سیاہ کرتوت سب جانتے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق ادوار میں نابینا افراد پر لاٹھیاں برسائی گئیں، آج پریس کانفرنس میں فوٹو شوٹ ہو رہا تھا۔ کسانوں اور مزدوروں کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج پہلا دن ہے میں نہیں چاہتی کہ اپوزیشن کے مورچوں پر گولا باری کروں، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشکور ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری تعیناتی کے بعد اپوزیشن کی آہ و بکا سنائی دے رہی ہے، میرا نوٹیفکیشن اپوزیشن پر توپ بن کر گرا ہے اور ان پر زلزلہ طاری ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ میں اپوزیشن کے زخموں پر مرچیں چھڑکنے نہیں مرہم رکھنے آئی ہوں، ہم نے مل کر پاکستان کے مخالفین کا مقابلہ کرنا ہے، عالمی، اپوزیشن علاقائی سطح پر پاکستان مخالف قوتوں کا آلہ کار نہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اور لڑائیوں سے عوام تنگ آچکے ہیں، پاکستان کے عوام کو اپوزیشن اور حکومت سے توقعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس میں 5 ہزار بھرتیوں کی منظوری دے دی

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مریم نواز وہ مچھلی ہے جو اقتدار کے بغیر تڑپ رہی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی ہے، تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنا پاکستان کی ضرورت ہے، پنجاب میں جو کام ہو رہے ہیں اس کو سامنے لانے میں جو رکاوٹیں ہیں اس کو دور کریں گے، پنجاب بھر کے پریس کلب کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں