حکومت نے امیروں کیلئے بجلی سستی اور عوام کیلئے مہنگی کردی، بلاول


استور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو رزداری  نے کہا ہے کہ حکومت نے امیروں کے لیے بجلی سستی جبکہ عوام کے لیے مہنگی کردی ہے، عوام کو پاکستان تحریک انصاف کی ناانصافیوں سے بچانا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے پرامن احتجاج کا ہر راستہ بند کر دیا ہے، عوام تاریخی مہنگائی کا مقابلہ کر رہے ہیں، امیروں کی انڈسٹری کیلئے بجلی سستی کی گئی ہے جبکہ عوام کیلئے قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے۔ مہنگائی اور بےروزگاری کا خاتمہ صرف پیپلزپارٹی ہی کرسکتی ہے۔

گزشتہ روز گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی تحصیل پاسین میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو حقوق ملنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو نےغذر کو ضلع کا درجہ دیا۔ غذر والوں نے بے نظیر بھٹو کے نظریہ کو زندہ رکھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ آپ کے مطالبات کو پیپلز پارٹی نے اپنے منشور کا حصہ بنایا ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی گلگت بلتستان کے لوگوں کا مطالبہ ہے۔ صوبہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کا مطالبہ ہے۔ حق ملکیت اور حق حاکمیت بلتستان کے نوجوانوں کا مطالبہ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو پیپلزپارٹی کو جتوانا ہے۔ گلگت بلتستان الیکشن ایک ریفرنڈم ہے۔ پیپلزپارٹی کا منشورگلگت بلتستان کے لوگوں کا منشور ہے۔ 15 نومبر کو تیر کے نشان پر مہر لگائیں۔ اپنے مسائل کے حل کے لیے تیر کے نشان پر مہر لگائیں۔ جیت آپ کی ہوگی۔

مزید پڑھیں: انتخابات جیت کر گلگت کی تقدیر بدل دیں گے، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا تھا کہ شہید بھٹو نے گلگت بلتستان سے ایف سی آر کا خاتمہ کیا۔ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ آج کے حکمران سبسڈی چھیننے والے ہیں، دینے والے نہیں۔ حکمرانوں کو آپ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔

بلاول نے کہا تھا کہ سی پیک منصوبہ گلگت بلتستان اور گوادر کی وجہ سےملا۔ سی پیک کے تحت گلگت بلتستان کے لوگوں کو ابھی تک حصہ نہیں ملا۔ وزیراعظم سے پوچھنا چاہیے کہ آپ کو اب گلگت بلتستان کا خیال کیوں آیا؟ وزیراعظم آپ لوگوں کی طاقت سے ڈرے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں