جنوبی افریقہ کے سیکیورٹی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ


کراچی:جنوبی افریقہ کے سیکیورٹی وفد نے حفاظتی انتظامات اور بائیو سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے  نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے جنوبی افریقی وفد کو بریفنگ دی، وفد کے دورے کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موجود تھے۔

وفد نے  ڈریسنگ روم، پویلین، اسٹینڈز اور خفیہ کیمروں کے ذریعے نگرانی کرنے والے مرکز کا بھی دورہ کیا۔ وفد نے کھلاڑیوں کو لانے اور لے جانے والی بس کا بھی معائنہ کیا اور تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی

بعد ازاں 4 رکنی وفد نے پولیس اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ وفد کو نیشنل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔

وفد کو بتایا گیا کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز جدید ہتھیاروں اورمواصلاتی نظام سے لیس ہیں، فورس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سےنمٹنے کے لئےتیار رہتی ہے۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی وفد کی  باضابطہ منظوری کی صورت میں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 21 جنوری میں پاکستان آئے گی۔


متعلقہ خبریں