پنجاب: تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات نہ کرنے کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر شفقت محمودکی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائےتعلیم کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم اور دیگرحکام  ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اطلاعات ہیں کہ اجلاس میں تمام صوبوں نے موسم سرما کی کم سے کم تعطیلات یا تعطیلات نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

موسم سرما کی کم سے کم تعطیلات یا نہ کرنے کا فیصلہ صوبوں کے جغرافیہ پر منحصر کرے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو بند نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپریل سے اگست تک کے تعلیمی سال پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

اطلاعات ہیں کہ اجلاس میں آٹھویں، نویں اور دسویں کے بورڈ امتحانات پر بھی کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

اجلاس میں کورونا کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔مختلف تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز تسلسل کے ساتھ رپورٹ ہونے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اگلا اجلاس دسمبر میں ہوگا۔

وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے پہلے ہی بتا دیا ہے کہ پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن اسکولز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں بھی اسٹاف، طلبا اور اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ روزانہ کی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے، کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے تاہم صورتحال قابو میں ہے۔

خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں کورونا کیسز کے پیش نظر موسم سرما کی تعطیلات مقررہ وقت سے پہلے کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ تعلیم کو قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں