خواہش ہے پاکستان کو قرضے نہ لینے پڑیں، وزیراعظم 


حسن ابدال: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان وہ ملک بنے جسے قرضے نہ لینے پڑیں۔ 

حسن ابدال میں ریلوے اسٹیشن کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریلوے نئے پاکستان میں بہت اہمیت رکھتی ہے، ریلوے کے ذریعے غریب لوگ سفر کرتے ہیں، دنیا بھر میں ٹرین سستے اور آرام دہ سفر کا ذریعہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا پمز اسپتال اسلام آباد کا غیر اعلانیہ دورہ

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون سے ہماری معیشت کو فائدہ ہوگا، اس کے ذریعے پاکستان میں پہلی بار بہت بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے، ایم ایل ون کے ذریعے کراچی سے لاہور کا سفر 7 گھنٹے پر مشتمل ہوگا۔

عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ریلوے اہمیت اس لیےرکھتی ہے کہ یہ عام اور غریب آدمی کی سواری ہے، بد قسمتی سے ہم نے انگریز کے دیے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ سکھ برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوں، نئے پاکستان میں سب مذہب کے لوگ برابر ہیں، ایم ایل ون خود انحصاری کی جانب اہم قدم ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ایک روپے کی چیز بھی امپورٹ نہیں کی، یہ ریلوے اسٹیشن 127سال پرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کی اب گریڈیشن میں مقامی وسائل کو بروئے کار لائے گئے، ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن منصوبہ بھی رواں ماہ مکمل ہوجائے گا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 1521 میں بابا گرو نانک یہاں تشریف لائے تھے، سکھوں کیلئے بڑے مہمان خانے بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی، کوئی ٹی ٹی نہیں لگائی، مخالف جلتے ہیں کہ عمران خان ملک کو آگے لے کر جارہے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے حسن ابدال میں ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کا بیانیہ غیر ملکی ایجنڈا ہے، شیخ رشید احمد

وزیر اعظم عمران خان نے سکھ یاتریوں کے لیے تیار کی گئی ٹرین کی بوگیوں کا معائنہ بھی کیا اور ریلوے اسٹیشن پر سہولتوں کا جائزہ لیا۔

عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حسن ابدال ریلوے اسٹیشن پر ویٹنگ ایریا کے ساتھ کینٹین اور کیفے بھی بنایا گیا ہے ۔

ریلوے اسٹیشن دو فلور پر مشتمل ہے ۔ یہاں صاف اور ٹھنڈے پانی کے پلانٹس بھی لگائے گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سوات بھی جائیں گے ، صحت سہولت کارڈ پروگرام کا افتتاح کریں گے۔


متعلقہ خبریں