کورونا کیسز: انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد 14روز کیلئے بند

12 نئے کورونا کیسز، اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد دوسری مرتبہ سیل

اسلام آباد: انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یونیورسٹی کو دوسری مرتبہ سیل کردیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کو 14 روز کے لیے بند کردیا گیا۔ دوران بندش 14 دن کلاسز آن لائن ہوں گی۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صرف ضروری اسٹاف کو یونیورسٹی کے اندر آنے کی اجازت ہوگی۔ اسٹاف کے لیے ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ سے اجازت لینا لازمی  ہوگی۔ یونیورسٹی کے اندراور حدود میں ڈس انفیکشن کا عمل بھی ہوگا۔

اس سے قبل تازہ کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد ضعیم ضیاء نے یونیورسٹی کو  سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ اس سے قبل  ضلعی انتظامیہ نے 27 اکتوبر کو یونیورسٹی کو سیل کیا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز جی الیون ون میں بھی دو کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر مزید 7 تعلیمی ادارے سیل

ڈی ایچ او ضعیم ضیاء نے اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز جی الیون ون کو بھی سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ماڈل کالج فاربوائز ایف 10/4  میں کورونا وائرس کے مزید تین کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد نے ماڈل کالج فار بوائز ایف 10/4 کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کردیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد کے فراش ٹاوَن میں قائم نجی میڈیکل کالج میں بھی گزشتہ روز کورونا وائرس کے چار کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ماڈل کالج فار گرلز ایف 7/4 میں بھی دوبارہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اب تک 67 تعلیمی اداروں کو دو یا دو سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کیا جا چکا ہے۔

 


متعلقہ خبریں