چیف کورٹ کا وفاقی وزرا کو 3 دن کے اندر گلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم


گلگت: چیف کورٹ گلگت بلتستان نے تمام وفاقی وزرا اور حکومتی عہدیداران کو 3 دن کے اندر گلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

گلگت بلتستان کی انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دائر درخواست پر گلگت بلتستان چیف کورٹ کا حکم سنا دیا۔

چیف کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وفاقی وزرا اور حکومتی عہدیداران تین دن میں گلگت بلتستان سے نکل جائیں۔ دائر درخواست پر فیصلہ چیف کورٹ گلگت بلتستان کے ججز جسٹس ملک حق نواز اور جسٹس علی بیگ پر مشتمل بینچ نے سنایا۔

مزید پڑھیں: بلاول نے الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، چیف الیکشن کمشنر جی بی

خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے لیے عام انتخابات 15 نومبر بروز اتوار کو ہوں گے۔

اس سے قبل گلگت بلتستان میں عام انتخابات 18 اگست کو ہونے تھے تاہم انہیں ملتوی کر دیا گیا تھا۔ 30 مارچ کو سپریم کورٹ پاکستان نے گلگت بلتستان میں عام انتخابات کی اجازت دے دی تھی۔

سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان میں عام انتخابات اور نگراں سیٹ اپ کے قیام سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے گلگت بلتستان آرڈر 2018 میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے مختصر فیصلہ سنایا گیا تھا۔

جی بی آرڈر 2018 کو مقامی افراد کی جانب سے گلگت اپیلٹ کورٹ میں چیلنج کیا گیا تو عدالت نے آرڈر معطل کر دیا لیکن سپریم کورٹ آف پاکستان نے اگست 2018 میں آرڈر 2018 بحال کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں