کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن، مکینوں کا سپریم کورٹ رجسٹری کے سامنے احتجاج

کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن: مکینوں کا سپریم کورٹ رجسٹری کے سامنے احتجاج

کراچی:  کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے انسداد تجاوزات سیل نے شہر کے مختلف علاقوں سے جھونپڑے اور فٹ پاتھ پر قائم بازار ہٹا دیے۔

کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل کےعملے نے آپریشن کے دوران ناظم آباد میں پل کے نیچے آباد خانہ بدوشوں کو ہٹا دیا۔ عملے نے لیاری ندی پر قائم جھونپڑے بھی گرا دیے۔

کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل  کے عملے نے شاہ فیصل کے علاقے میں فٹ پاتھ پر قائم بازار ہٹاکر متعدد پتھارے اور سامان ضبط کرلیا۔

دوسری جانب کراچی کے  مختلف علاقوں میں تجاوزات آپریشن کے خلاف مکینوں نے سپریم کورٹ رجسٹری کے سامنے مظاہرہ کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری

منظورکالونی، لیاقت اشرف کالونی، اعظم بستی اور محمود آباد میں  تجاوزات آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا۔ سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر احتجاج کرنے والوں نے  ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ  انسداد تجاوزات سیل نے ان کے مکانات توڑنے  کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اپنے گھر والوں کو لے کر کہاں جائیں گے؟

واضع رہے کہ گزشتہ روز وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے  نالوں اور فٹ پاتھوں پر قائم گھروں کو گرانے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کونگرانی کی ہدایت کردی تھی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر کو تجاوزات سے پاک اور اصل شکل میں بحال کرنے کے معاملے کی سماعت  کے دوران چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے باغ ابن قاسم سمیت شہر بھر سے تجاوزات کا ملبہ فوری ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

عدالت کی طرف سے حکم دیا گیا تھا کہ تجاوزات گرانے اور ملبہ اٹھانے میں کوئی ادارہ مداخلت نہ کرے۔ جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے تھے کہ چھوٹے چھوٹے پلاٹس پر کاروباری ادارے اور ریسٹورنٹس بنادیے گئے ہیں۔ اب گلیوں میں چلنے کی جگہ نہیں بچی۔

جسٹس مشیر عالم نے کہا تھا کہ ان کا بھی خواب ہے کہ کراچی اصل شکل میں بحال ہو اور یہاں کی رونقیں لوٹ آئیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ شہر کو اصل حالت میں رکھنا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ذمہ داری تھی لیکن اس نے اپنا کام نہیں کیا۔


متعلقہ خبریں