لوٹے ہوئے پیسے کی واپسی تک اپوزیشن کو نہیں چھوڑوں گا، وزیراعظم


حافظ آباد: وزیر اعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ عملک میں سرکس لگی ہوئی ہے۔ اپوزیشن کیسز معاف کرانے کے لیے مجھے بلیک میل کر رہی ہے۔  جتنے مرضی جلسے کر لیں جب تک قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں کریں گے میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔

حافظ آباد یونیورسٹی کے سنگ بنیاد  اور جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال کی تعمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  جنہوں نے 30 سال میں ملک کو لوٹا اب انہوں نے سرکس لگائی ہے۔ ہم نے ان کے خلاف نئے کیسز نہیں بنائے، یہ انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے۔ ان کے دور میں نیب غلام تھا، ہمارے دور میں نیب آزاد ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  یہ کہتے ہیں کہ ان سے چوری کا نہ پوچھا جائے۔ نوازشریف نے عجیب شکل بنائی،  کہا گیا کہ مرنے والا ہے۔ نوازشریف کی شکل دیکھ کر کابینہ میں بھی 2 خواتین کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ لندن جاتے ہی نوازشریف کی ساری بیماریاں ختم ہوگئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب میں نہیں مانا تو انہوں نے اداروں پر حملے شروع کیے۔ ہماری حفاظت کرتے ہوئے کئی فوجی شہید ہوگئے۔ نوازشریف اپنی فوج کے خلاف ہندوستان کی زبان بول رہا ہے۔ نوازشریف تمہاری طرح میر جعفر اور میر ایازصادق کا مقابلہ کروں گا۔ نوازشریف لندن میں بیٹھ کرفوج کے خلاف سازش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل نے کہا کہ عمران کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے۔ میری وجہ سے نہیں آپ جیسے لوگوں کی وجہ سے اسلام خطرے میں ہے۔ چیلنج کرتا ہوں میرے علاوہ کس نے ناموس رسالتﷺ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا؟۔ میں نے یہ سب ووٹ کے لیے نہیں کیا، یہ میرے ایمان کا معاملہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حافظ آباد یونیورسٹی اور 400 بیڈز پر مشتمل اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا۔ جلد سے جلد ان منصوبوں کو مکمل کیاجائے گا۔ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کی ضروریات کو پورا کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال کے اختتام تک پنجاب کے 50 فیصد عوام کی ہیلتھ انشورنس ہوجائے گی۔ ہیلتھ کارڈ کے تحت ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسرہوگی۔ 2021 میں پنجاب کی تمام آبادی کوصحت کارڈ کی سہولت دستیاب ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کے مطابق ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے پنجاب اور پختونخوا میں اسپتالوں کا جال بچھ جائے گا۔ غریبوں کے لیے پناہ گاہوں کا منصوبہ شروع کیا۔ نیا پاکستان ہاوَسنگ منصوبے کے تحت غریب لوگ بھی اپنا گھر بناسکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گھر بنانے کے لیے 5 فیصد سود پرآپ بینکوں سے قرضے لے سکیں گے۔ روٹی ،کپڑا،مکان کی بات تو پہلے بھی کی گئی لیکن اب حقیقی معنوں میں غریب اپنا گھر بناسکیں گے۔

مزید پڑھیں: خواہش ہے پاکستان کو قرضے نہ لینے پڑیں، وزیراعظم 

عمران خان نے کہا کہ پہلے ہمیں خیبر پختونخوا میں بھی سننا پڑا کہ کدھر ہے نیا خیبر پختونخو؟ خیبر پختونخوا میں کوئی بھی دوبارہ منتخب نہیں ہوالیکن 2018 میں پی ٹی آئی کو دوبارہ موقع ملا۔ خیبر پختونخوا میں 9 فیصد غربت کم ہوئی ، اس لیے لوگوں نے پی ٹی آئی کوووٹ دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک سےغربت کم کرنے کے لیے پالیسیاں بنارہے ہیں۔ یہی قوم ایک عظیم قوم بنے گی۔ دوسرا کام ہم قانون کی بالادستی کےلیے کر رہے ہیں۔ جہاں طاقتور اورغریب کے لیے الگ الگ قانون ہو، وہ معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمانداری اور دیانتداری سےعوام کی خدمت کررہے ہیں۔ وزیراعظم صاحب آپ نےہمیشہ اصولوں کی سیاست کی۔ ماضی میں نظام حکومت کو تجربہ کاری سے زیادہ اداکاری سے چلایا گیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ان لوگوں نے اپنےادوار میں ووٹ کی توقیر کو پامال کیا۔ پنجاب کومثالی صوبہ بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

اس سے قبل وزیرا عظم عمران خان لاہور سے بذریعہ ہیلی کاپٹر حافظ آباد پہنچے جہاں سے وہ پاکپتن روانہ ہوئے اور وہاں انہوں نے حضرتبابا فرید مسعود گنج شکر کے دربار پر حاضری دے اور مزار پر چادر چڑھائی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے سارے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں لیکن ان کو این آر او نہیں ملنا ہے۔ انہیں پتا ہے کہ عمران خان این آر او نہیں دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص ڈرامہ کرکے لندن چلا گیا، جس پر عدالتوں کو بھی رحم آگیا۔ نوازشریف نے بڑی کوشش کی کہ کسی طرح این آر او مل جائے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب علم ہوگیا کہ عمران خان این آر او نہیں دے گا تو اس نے اداروں پر حملہ کرنا شروع کردیا۔ پاکستان میں عورتوں کا احترام کرتے ہیں اس لیے مریم نواز کو اجازت ہے کہ کھل کر بات کرے۔ نوازشریف اور ان کے بیٹے پیسے چوری کر کے باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں