پی ایس ایل فائیو: پلے آف راونڈ کا آغاز 14 نومبر سے ہوگا


اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے پلے آف راونڈ کا آغاز 14 نومبر سے ہوگا۔ کرکٹ میلے میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑی آج سے کراچی پہنچنا شروع ہوں گے.

پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کے مطابق غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے سے قبل کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستان آمد پر بھی ان کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پلے آف راونڈ میں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی شامل ہیں۔ پی ایس ایل فائیو کا پلے آف راونڈ 14 اور 15 نومبر کو شیڈول ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو کا فائنل 17 نومبر کو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ تین دن قبل جنوبی افریقہ کے سیکیورٹی وفد نے حفاظتی انتظامات اور بائیو سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے  نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا تھا۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے جنوبی افریقی وفد کو بریفنگ دی تھی۔ وفد نے  ڈریسنگ روم، پویلین، اسٹینڈز اور خفیہ کیمروں کے ذریعے نگرانی کرنے والے مرکز کا بھی دورہ کیا تھا۔ وفد نے کھلاڑیوں کو لانے اور لے جانے والی بس کا بھی معائنہ کیا تھا اور تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی

بعد ازاں 4 رکنی وفد نے پولیس اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا تھا۔ وفد کو نیشنل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا گیا تھا۔

وفد کو بتایا گیا تھا کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز جدید ہتھیاروں اورمواصلاتی نظام سے لیس ہیں، فورس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سےنمٹنے کے لئےتیار رہتی ہے۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی وفد کی  باضابطہ منظوری کی صورت میں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 21 جنوری میں پاکستان آئے گی۔


متعلقہ خبریں