کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی کی تیاریاں شروع


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کی شان اور واحد ہاتھی کاون کی کمبوڈیا منتقلی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ذرائع کے مطابق کاون کیلئے تیار کردہ خصوصی کیبن چڑیا گھر پہنچا دیا گیا ہے۔ کمبوڈیا منتقلی سے قبل کاون ہاتھی کو کنٹینرنما کیبن میں آنے جانے اور رہنے کی تربیت دی جائے گی۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ذرائع کے مطابق کاون ہاتھی کو 2 ہفتے تک کیبن کے اندر جانے آنے اور رہنے کی تربیت دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کاون ہاتھی مکمل طور پر فٹ اور صحت مند ہے اور اس کی تمام میڈیکل اور دیگر رپورٹس درست آئی ہیں۔ کاون کو نومبر کے آخری ہفتے کمبوڈیا منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کمبوڈیا کی حکومت نے کاون کی منتقلی کا پرمٹ جاری کیا تھا۔ کمبوڈیا کی جانب سے پرمٹ بین الاقوامی ایکسپرٹ ڈاکٹر عامر خلیل کے نام پر جاری کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ متعلقہ حکام نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پرمٹ کے حوالے سے تفصیلات جمع کرائی تھیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چڑیا گھر میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے کاون ہاتھی کو بیرون ملک منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد چڑیا گھر سے جانوروں کی محفوظ مقام پر عدم منتقلی پر عدالت برہم

اس سے قبل مرغزار چڑیا گھر سے محفوظ پناہ گاہوں میں منتقلی کے دوران مبینہ غفلت کے باعث شیراور شیرنی ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد جانوروں کی ہلاکت کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 21 مئی 2020 کو مرغزار چڑیا گھر میں رکھے گئے تمام جانوروں کو 60 روز کے اندر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کی حالت پر تحریری فیصلے میں حکم دیا تھا کہ چیئرمین وائلڈ لائف کی سربراہی میں بورڈ قائم کیا جائے جو جانوروں کی منتقلی کی نگرانی کرے۔

عدالتی حکمنامے میں کہا گیا تھا کہ تین دہائیوں سے اسلام آباد کے چڑیا گھر میں کاؤن ہاتھی کو اذیت میں رکھا گیا ہے اور چئیر مین وائلڈ لائف بورڈ  مشاورت کر کے کاؤن ہاتھی کو 30 روز کے اندر مناسب جگہ پر منتقل کریں اور اس سلسلے میں بین القوامی ماہرین سے بھی رائے لی جائے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد:چڑیا گھر انتظامیہ کی غلفت سے ہرن زخمی

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ نے مرغزار چڑیا گھر میں جانوروں کی حالت پراسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور میونسیپل کارپوریشن سے چڑیا گھر کے انتظامی امور وائلڈ لائف مینجمنٹ کے سپرد کرنے کی استدعا کی تھی۔

اس سے قبل وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی نے بھی چڑیا گھر کے انتظامات سنبھالنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔


متعلقہ خبریں