خورشید شاہ پے رول پر رہا

خورشید شاہ پے رول پر رہا

سکھر: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو چار روز کے لیے پے رول پر رہا کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کو بھتیجی کے انتقال پر اس کی تدفین اور دیگر رسومات میں شرکت کے لیے چار روز کے لیے پے رول پر رہا کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ  7 نومبر سے 11 نومبر تک پے رول پر رہیں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ  نے خورشید شاہ کی پے رول پر رہائی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ خورشید شاہ کی پے رول پر رہائی کے دوران سکھر پولیس ان کی نگرانی کرے گی۔

خیال رہے کہ خورشید شاہ کے چھوٹے بھائی وحید شاہ کی بیٹی علالت کے بعد انتقال کرگئی تھی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو چاہیے تھا اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلتے، خورشید شاہ

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ احتساب عدالت سکھر نے خورشید شاہ پر 24 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کی تارخ مقرر کی تھی، تاہم فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

احتساب عدالت سکھر نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی حتمی ریفرنس کی درخواست منظور کر لی تھی۔

واضح رہے کہ  سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ اور ان کے بیٹے رکن صوبائی اسمبلی فرخ شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔

خورشید شاہ اور ان کے 18 ساتھیوں پر احتساب عدالت میں ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس زیر سماعت ہے۔

واضح رہے نیب نے پیلپز پارٹی رہنما خورشید شاہ کو 19 ستمبر 2019 کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں